ای سی سی اجلاس،پاک ایران سرحد پر باڑ کی تنصیب کیلئے اضافی فنڈز منظور

210

اسلام آباد (صباح نیوز،اے پی پی) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے وزارت دفاع کی تین ضمنی گرانٹس منظوری کرلیں۔وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ ای سی سی نے وزارت دفاع کی تین ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔ای سی سی نے پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کیلیے اضافی فنڈز، اسپیشل سیکورٹی ڈویژن کیلیے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری اور زلزلے کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے ادارے(ایرا)کے لیے 50 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی۔کمیٹی نے پی آئی اے کو کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلیے کیش سپورٹ دینے کا فیصلہ کیا ۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آ زاد جموں کشمیر کے لیے3 لاکھ میٹرک ٹن گندم اور 70ایم ایم جی آر ایل این جی کی فراہمی اورایف بی آر کے آئی ٹی ڈھانچہ کی ترقی کیلیے3860ملین روپے کی منظوری بھی دیدی۔وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت گندم کی قیمتوں کو مستحکم کرنے اور ملک بھر میں سستی قیمتوں پر اس کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سید فخر امام ، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر ، وفاقی وزیربحری امور علی زیدی ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود ودیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔