کراچی(نمائندہ جسارت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ ناجائز و ناکام ترین حکومت کو عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔عالمی یوم جمہوریت کی مناسبت سے اپنے بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور ترقی کی ضمانت جمہوریت ہے، پاکستان جیسے کثیرالثقافتی معاشرے میں وفاقی جمہوریت ہی واحد قابل عمل نظامِ حکومت ہے، پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کے لیے طویل اور تاریخی جدوجہد کی اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا، جس کی اساس جمہوریت ہے، جمہوری نظام ہی شہری و سیاسی حقوق کی پاسداری اور متوازن معاشرے کی تشکیل یقینی بنا سکتا ہے، اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ مضبوط جمہوریت اور مضبوط پاکستان لازم و ملزوم ہیں، آئین پر اور پارلیمان کے احترام کے بغیر ملک میں ایک نہیں بلکہ دو پاکستان چلتے رہیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلیوں نے ایک پاکستان میں پاکستانیوں کو دو گروہوں میں تقسیم کر دیا ہے، سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے ہر مخالف آواز کو دبانے اور انتقام کا نشانہ بنانے کا مقصد جمہوریت کو کمزور کرنا ہے، پیپلز پارٹی ناجائز و ناکام ترین حکومت کو عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دے گی۔