اسلام آباد/ ملتان (صباح نیوز/ اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مغربی ممالک معاشی تباہی سے بچنے کے لیے طالبان کی مدد کریں۔ انہوں نے برطانوی جریدے انڈپینڈنٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ برطانیہ نئی حقیقت کو قبول کرے ‘ برطانیہ اور مغربی اتحادی ممالک کسی سیاسی شرط کے بغیر امداد کی فراہمی میں مدد کریں‘ ہمیں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کام کرنے دیا جائے۔انہوں نے مستقبل کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان حکام کو تنہا کرنے سے معاشی تباہی، انارکی اور افراتفری پیدا ہوگی‘ اگر طالبان مثبت باتیں کر رہے ہیں تو انہیں اسی سمت میں جھکائیں‘ کونے میں نہ دھکیلیں ‘ 40سال بعد افغانستان میں امن کی امید پیداہوئی ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی صورتحال پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔