ایران اور شمالی کوریا سے متعلق عالمی ادارے کا اجلاس

205

ویانا (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریا کے شہر ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کا اجلاس شروع ہوگیا،جس میں ایران اور شمالی کوریا حساس موضوع تھے۔ اجلاس کے دوران ایرانی جوہری تنصیبات کے کیمروں تک رسائی اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے علاوہ پیانگ یانگ کی جانب سے کروز میزائل کے حالیہ تجربے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے قبل آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رفائل گروسی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے جوہری منصوبے کی نگرانی میں درپیش سخت صورتحال سے متعلق تشویش کا اظہار کیاتھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی تنصیبات میں آئی اے ای اے کی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ گروسی نے کہا کہ ایران کے جوہری مراکز میں نصب نگرانی کے کیمروں تک آئی اے ای اے کے معاینہ کاروں کی رسائی کی اجازت حاصل کر لی ہے، لیکن ایران زیادہ عرصے تک یہ عمل جاری نہیں رکھ سکتا۔ ادارے نے شمالی کوریا کی جوہری سرگرمیوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ادارے نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ایسی شمالی کوریا نے جولائی کے اوائل میں نیونگ بیون میں واقع ایک جوہری ری ایکٹر کو بحال کردیا ہے۔