کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان نے ایشین والی بال چیمپئین شپ میں دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کو3-1 سے ہرا دیا۔ ایشین والی بال فیڈریشن کے زیراہتمام یمپئین شپ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کے خلاف 25-15،24-26، 11-25اور 12-25 سے کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔اب پاکستان اپنے گروپ کا آخری میچ ایران کے خلاف کھیلے گا۔ چیمپئن شپ میں ایشیائی سطح کی 16ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں میزبان جاپان، بھارت، قطر اور بحرین شامل ہیں، پاکستان کو گروپ بی میں ایران، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے ساتھ رکھا گیا۔ اسی طرح گروپ سی میں آسٹریلیا، چین، سری لنکا اور کویت جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی کوریا، تائیوان، قازقستان اور سعودی عرب کی ٹیمیں شامل ہیں ۔چیمپئن شپ 12 ستمبر سے 19 ستمبر جاپان میں کھیلی جا رہی ہے۔