اسلام آباد(آن لائن+آئی این پی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ دوست ساتھ مل بیٹھیں تو اس حکومت کو فوری گھر بھیج دیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل کے خلاف ڈی چوک اسلام آباد میں صحافیوں کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بلاول نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کرکے سلیکٹڈ کی حکومت ختم کرسکتی ہیں،دوست ساتھ مل جائیں تو اس حکومت کو فوراً گھر بھیج دیں گے یا اتنا ہلا کر رکھ دیں گے کہ وہ اس طرح کے ظلم نہیں کرسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزرا کو ہماری فوج اور فوجی قیادت کو اس طرح سے سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، کٹھ پتلی وزیراعظم ففتھ جنریشن وار فیئر کا مقابلہ کرنے اور جواب دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا، حکومت نے کئی بار ادارے کو اپنا سیاسی سہارا سمجھ کر خود کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی ہے، ڈیفنس ڈے کی تقریر سے اس قانون کا کیا تعلق ہے؟ حکومت جان بوجھ کر آرمی چیف کی تقریر کو اس قانون سے ملا کر مخصوص تاثر دے رہی ہے، اس قسم کی بیان بازی اور کوششوں سے ہمارے ادارے متنازع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی آمر یا سلیکٹڈ آتا ہے وہ میڈیا کنٹرول کر نے کے لیے کالا قانون لاتا ہے، ہم نے ملکر ایوب خان کے کالے قانون کو ختم کیا تھا، ہم نے مشرف کی پابندیوں کو ختم کیا اور آئین سے صاف کیا تھا، پیپلز پارٹی پی ایم ڈی اے کو نہیں مانتی، یہ جمہوریت پر ڈاکا اور عدلیہ پر بھی حملہ ہے، صحافیوں سے اپیل کا حق بھی چھینا جا رہا ہے، ہم پارلیمان میں آپکی آواز اٹھائیں گے۔