لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت کی جانب سے لاڑکانہ ریلوے اسٹیشن پر بولان میل اور خوشحال خان خٹک ٹرینوں کی بندش پر شہریوں نے ریلوے اسٹیشن سے احتجاجی ریلی نکال کر شہر کے مختلف روڈوں کا گشت کرکے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھاکر شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر سابق یوسی کونسلر سید امداد علی شاہ، محمد ابراہیم بلوچ، غلام سرور بلوچ، ممتاز بلوچ و دیگر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام سے سفری سہولیات بھی چھین لی ہیں اور کراچی سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے کراچی تک چلنے والی بولان میل اور پشاور سے کراچی اور کراچی سے پشاور تک چلنے والی خوشحال خان خٹک ٹرینوں کی لاڑکانہ ریلوے اسٹیشن آمدو رفت بند کرکے غریب اور متوسط طبقے کے تاجروں کو سخت پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے اور غریب اور بے پہنچ افراد کم کرایے پر مختلف شہروں میں ٹرینوں پر سفر کرتے تھے لیکن اب غریب افراد اپنی منزل پر پہنچنے کے لیے بھاری کرایہ ادا کر رہا ہے جو کہ ظلم اور زیادتی ہے۔ انہوں نے محکمہ ریلوے کے وفاقی وزیر اعظم سواتی، سیکرٹری و چیئرمین پاکستان ریلوے اور ڈی ایس ریلوے سکھر کو اپیل کی کہ بولان میل اور خوشحال خان خٹک ٹرینیں دوبارہ بحال کرکے عوام کو سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔