سکھر (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور سابق میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ ربیع الاول میں جشن میلادالنبیﷺ شایان شان طور پر منانے کیلیے عاشقان رسولﷺ کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ہاؤس میں میلاد مصطفیٰ کمیٹی سکھر کے چیئرمن غیاث الدین قادری سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مولانا قاری محمد نعیم فریدی، عبدالجبار اور دیگر بھی موجود تھے۔ غیاث الدین قادر نے ارسلان اسلام شیخ کو 12ربیع الاول کے جلوسوں کے روڈ راستوں کی حالت زار خصوصاً پرانا سکھر کی سڑکوں کی ابتر صورتحال، صفائی ستھرائی کے مسائل، کچرا کنڈیوں سے کچرا نہ اٹھانے شہر کے بعض علاقوں میں فراہمی آب کے مسائل، شیخ شہین روڈ، شالیمار روڈ پر اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے جیسے مسائل سے آگاہ کیا جس پر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ تمام حل طلب مسائل پر پوری توجہ ہے تمام مسائل بتدریج حل ہورہے ہیں جن علاقوں میں صفائی ستھرائی بہت اچھے انداز سے ہورہی ہے جہاں کے روڈ راستے گلی محلے بن چکے ہیں جہاں پانی معمول کے مطابق فراہم کیا جارہا ہے اور جن جن علاقوں میں روشنی کا معقول بندوبست ہے ان مقامات کا ذکر نہ کرنا حقیقت سے چشم پوشی کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانا سکھر کی تمام سڑکوں کاکام ربیع الاول سے قبل مکمل کرالیا جائیگا پہلے مرحلے میں تھانہ سی سیکشن کے سامنے روڈ پر کارپٹ بچھادیا گیا ہے اور دیگر ملحقہ گلیوں کو بھی بہتر بنا دیا گیا ہے۔ ارسلان اسلام شیخ کا کہنا تھا کہ شہری مسائل کی نشاندہی مثبت، تعمیری اور مہذب انداز سے کریں ہر صورت میں مسائل حل کیے جائیں گے معاملات گفت و شنید اور رابطوں سے حل ہوتے ہیں آپ نے جن جن مسائل کا تذکرہ کیا ہے وہ ترجیحی طور پر حل کرائے جائیں گے۔ اس موقع پر غیاث الدین قادری نے نیو پنڈ کے مسائل کا بھی ذکر کیا جس پر ارسلان اسلام شیخ انہیں بھی حل کرانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ 25نومبر 2021بروز جمعرات کو المہران کلچرل سینٹر میں منعقد ہونے والی محفل نعت کی اجازت کی درخواست پر فوری احکامات جاری کیے اور دیگر پیش کردہ درخواستوں کو سکھر میونسپل کارپوریشن کے افسران کے سپرد کرکے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔