الیکشن کمیشن پر چڑھائی سیاسی تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے،سراج الحق

314
دیر پائین: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اجتماع ارکان سے خطاب کررہے ہیں

دیر(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن کوجیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بنانا چاہتی ہے الیکشن کمیشن پر چڑھائی سیاسی تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے ۔ حکومت چاہتی ہے کہ عدلیہ الیکشن کمیشن کو کنٹرول کرے ۔الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کا موقف آئین ،جمہوریت اور عوام کے مفاد میں ہے الیکشن کمیشن اور اپوزیشن جماعتوں نے ووٹنگ مشین کو مسترد کر کے حکومت کا قبل از وقت دھاندلی کا منصوبہ بے نقاب کر دیا۔حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں نے عوام کا دن کا چین اور رات کا سکون چھین لیا ہے۔بجلی،تیل اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں حکومت فوری طور پر اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ان کی وطن واپسی کا مؤثر انتظام کرے وزارت خارجہ دیگر ممالک میں قائم سفارت خانوں کو خصوصی ہدایات اور عملی اقدامات کے حوالے سے احکامات جاری کرے۔ملک میں حقیقی ،اسلامی اور فلاحی پاکستان کے لیے جماعت اسلامی اپوزیشن کابھر پور کردار ادا کر رہی ہے دیگر سیاسی جماعتیں زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی طور پر کردار ادا کرتیں تو عوا م کا اتنا برا حال نہ ہوتا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ثمر باغ ضلع دیر پائین میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر ضلع اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی کی وجہ سے عوام کا سانس لینا مشکل ہو گیا ہے ظالمانہ بجٹ کے بعد ہر روز منی بجٹ کی شکل میں قیمتوں میں بے پناہ اضافہ حکومت کی نا اہلی اور نا لائقی ہے۔ اشیائے ضروریہ سمیت گیس،پیٹرول،بجلی ،چینی ،آٹااور ادویات غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ایک کروڑ سے زاید لوگوں کا مزید خط غربت سے نیچے جانا پی ٹی آئی کی3 سالہ حکومتی کارکردگی کا پول کھولنے کے لیے کافی ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے بے روزگاری میں اضافہ کیا، 50 لاکھ گھر دینے والوں نے لاکھوں لوگوں سے ان کی چھت چھین لی، لنگر خانوں کی جگہ کارخانے بنائے جاتے تو آج نوجوان اتنی بڑی تعداد میں مایوسی کا شکار نہ ہوتے ۔ امیر جماعت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی خدمت کرنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے ان کی وطن واپسی کے لیے مناسب سہولیات موجود نہیں ہیں اور نہ ہی پاکستان میں روز گار کے حوالے سے ان کے لیے کوئی انتظام موجود ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر وزارت خارجہ اوور سیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے تاکہ باوقار طریقے سے وہ اپنے وطن واپس آسکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور الیکشن کمیشن کی طرف سے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کو مسترد کرنے کے بعد حکومت کو اس حوالے سے اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے اور الیکشن کمیشن کو ہدف بنانے کے بجائے انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے جس کے لیے ہماری پرامن جدو جہد جاری ہے عوام اگر ملک میںاسلام کا حقیقی نظام چاہتے ہیںتو ہمارا ساتھ دیں جماعت اسلامی حکومت میں آکر کرپشن ،مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کرتے ہوئے ملک کو ایک فلاحی اور خوشحال ریاست بناسکتی ہے ۔اب جماعت اسلامی ہی واحد اور بہترین آپشن ہے۔