طالبان حکومت کو مستحکم کیا جائے،اکائونٹس منجمد کرنا دانشمندی نہیں،شیخ رشید

266
مولانا فضل الرحمن وحشی جٹ بنے ہوئے ہیں، شیخ رشید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغانستان کے اکاؤنٹس منجمد کرنا کوئی دانشمندی نہیں‘ دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ افغانستان کے اکاؤنٹس بحال کیے جائیں‘ پاکستان نے افغان سرحد پر باڑ اس لیے لگائی تاکہ دہشت گردی نہ ہو‘ پورے پاکستان میں کہیں افغان مہاجر کیمپ نہیں، جو لوگ چوری چھپے پاکستان آئے تھے انہیں اسی راستے واپس بھجوا دیا ہے‘ پاکستان میں فرقہ ورانہ فضا بنائی جا رہی ہے جس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے‘ الیکٹرونک مشین سے متعلق الیکشن کمیشن کے تحفظات دور کیے جائیں گے‘ اپوزیشن والے الیکشن مہم پر ہیں ہمارے خلاف نہیں ہیں۔ اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کی دلچسپی صرف امن و استحکام ہے‘ پاکستان دنیا کے ساتھ امن و امان کی بات کرے گا‘ ہم نے امن کی خاطر طالبان کو امریکا کے ساتھ بٹھایا‘پاکستان نے8 سے 10 ہزار افراد کو افغانستان سے نکال کر دوسرے ممالک تک پہنچایا‘ 8 ممالک کے انٹیلی جنس چیف پاکستان آئے، بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے‘ بھارتی میڈیا جھوٹ اُگل رہا ہے اور چیخ چیخ کر پاکستان پر پابندیاں لگانے کی بات کر رہا ہے‘ مودی پنج شیر کی من گھرت کہانیاں چلا رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ادارے عظیم ہیں، وہ پاکستان کے لیے جیتے اور مرتے ہیں‘ ادارے چاہتے ہیں کہ اس خطے میں امن ہو‘ عمران خان کی حکومت خطے میں امن کے لیے سب سے رابطے میں ہے‘ وہ 17 تاریخ کو چین اور روس کے صدور کے ساتھ ملاقات کریں گے جبکہ توقع ہے کہ ایران کے صدر سے بھی ان کی ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مداخلت کرتا ہے نہ ہی کسی کو کرنے دے گا‘ جبکہ پاک فوج ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ امریکی صدر کا چینی ہم منصب سے بات کرنا خوش آئند ہے کیونکہ چین اور امریکا کی تلخی ہم جیسے غیر جانبدار ممالک کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانے کا مقصد الیکشن کو عزت دینا ہے، اگر اپوزیشن کو اس پر تحفظات ہیں تو بات کریں، بل منظور ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے تحفظات کو بھی دور کردیا جائے گا۔