سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ریجن میں انتقال کر جانے والی خواتین کے نام پر امدادی رقوم وصول کرنے کا انکشاف، ایف آئی اے سائبر کرائم سکھر نے مرحوم خواتین کے نام پر امدادی رقم وصول کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ، گرفتارملزم کے قبضے سے چیکس، شناختی کارڈز اور موبائل فونز برآمد۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سکھر نے کارروائی کرتے ہوئے متوفیہ خواتین کے انگوٹھوں کے نشانات پر بی آئی ایس پی میں سے رقوم نکلوانے والے گروہ کا ایک اہم ملزم گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی اے سائبرکرائم کے ڈپٹی ڈائریکٹر چودھری عبدالرؤف کی قیادت میں ٹیم نے خیرپور ضلع کے علاقے رانی پور میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم امداد علی ولد محمد بڈھل کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چیک، خواتین کے شناختی کارڈ کی کاپیاں، متوفیہ خواتین کے سیلیکون سے بنے انگوٹھوں کے نشانات اور موبائل فونز برآمد کرلیے اور ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے ان سے تفتیش شروع کردی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم چودھری عبدالرؤف کے مطابق ملزم کی گرفتاری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (احساس کفالت پروگرام) کے ڈی جی کیش ٹرانسفر کی اطلاع اور ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ ہیڈ کوارٹر کی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کرعرصہ دراز سے متوفیہ خواتین کے سیلیکون کے ذریعے انگوٹھوں کے نشانات بنا کر بی آئی ایس (ای کے پی) میں سے رقوم نکلواتا رہا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔