لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) شہیدوں کے شہر لاڑکانہ کے نام پراربوں کے پیکیج کی مد میں جاری ہونے والی خطیر رقم کے باوجود لاڑکانہ کے شہری اب بھی اذیت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کئی کئی ماہ گلیوں و نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے گندا پانی سڑکوں، گلیوں اور گھروں میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے، لاڑکانہ کو خوبصورت بنانے اور ترقیاتی کاموں کے لیے گزشتہ 12 سال میں لاڑکانہ کے نام اربوں روپے جاری کیے گئے، تاہم بھٹو کے شہر کو بھٹو جیسا تو پی پی نے نہیں بنایا بلکہ اس کے برعکس لاڑکانہ کے شہریوں کی زندگی مزید اذیت ناک بنائی گئی ہے۔ لاڑکانہ شہر کی یونین کمیٹی صیفل کالونی میں کئی ماہ کی گندگی پڑی ہے، نالیوں کا گندا پانی گھروں و سڑکوں پر کھڑا ہے، علاقے کے لوگ متعد بار بلدیہ کے افسران کو شکایات کرچکے لیکن کوئی مسائل حل کرنے کے لیے تیار نہیں، جگہ جگہ گندگی اور گرمی سے ڈاکٹروں کے مطابق وبائی و پیٹ کے امراض پھوٹ سکتے ہیں اہل علاقہ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صیفل کالونی میں بھی انسان رہتے ہیں، اس لیے انسانیت پر رحم کھا کر صیفل کالونی کی انسانیت کو بچایا جائے۔