سیاسی دوستوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہوا ہے،بلاول

336

لیہ(خبر ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ ہماری اتحادی جماعتیں سیاسی میدان چھوڑ چکی ہیں، عوام اب سلیکٹڈ کا راج بھگت رہے ہیں۔لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ ہمارے سیاسی دوستوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہوا ہے، عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، عمران خان کو گھر بھیج دیں گے۔بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی، پنجاب کے عوام کے ساتھ تاریخی ظلم ہو رہا ہے، موجودہ حکومت چینی، چاول اور گندم درآمد کر رہی ہے، ہر روز مہنگائی کا بم پھٹتا ہے، حکومت نے ٹیکسز بڑھا کر عوام کا جینا محال کر دیا ہے، عوام عوامی حکومت کو ترس رہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام تاریخی بے روزگاری اور مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں، کبھی بجلی، کبھی گیس تو کبھی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کسانوں اور مزدوروں کو حقوق دلوائے، غریب مزدور اور کسان کے لیے بینظیر بھٹو کے منشور کا نفاذ کریں گے، بینظیر بھٹو ایک ماں کی طرح عوام کا خیال رکھتی تھی، ہمیں پاکستان بچانا اور کٹھ پتلی کو بھگانا ہے، جیالوں کو دیکھ کر بنی گالا سے چیخیں نکل رہی ہیں۔