لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کے خلاف صاف پانی کیس میں مسلسل عدم پیشی پر ان کی جائداد قرق کر لی۔ عدالت نے کیس کی سماعت23 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے دیگر شریک ملزمان کی بریت کی دائر درخواستوں پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد ساجد علی نے کیس کی سماعت کی۔ ہفتے کو عدالتی سماعت پر نیب حکام نے عدالت میں رپورٹ جمع کرادی جس میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ عدالتی احکامات پر دونوں ملزمان کی جائداد قرق کر لی گئی ہے۔ ریفرنس کیس کے شریک ملزم مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے قمر الاسلام سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔صاف پانی ریفرنس میں دیگر ملزمان میں وسیم اجمل، مسعود اختر، وارث علی، خالد ندیم بخاری، اظہرالدین، سلیم اختر شامل ہیں۔ نیب کی جانب سے دائر کردہ صاف پانی کمپنی کرپشن ریفرنس میں رابعہ عمران اور عمران علی یوسف پر کروڑوں کی کرپشن کا الزام ہے۔