حکومت نے مہنگائی کے ذریعے صرف عوام کی چیخیں نکلوائی ہیں،شہباز شریف

252

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک ہفتے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 سال میں موجودہ حکومت نے مہنگائی کے ظلم سے عوام کی صرف چیخیں نکلوائی ہیں‘ کھانے پینے اور روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں 23 فیصد تک اضافہ عوام سے ظلم، زیادتی اور بدترین استحصال ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی اوسط شرح 13.64 فیصد ہونا حکومت کے موجود نہ ہونے کا ثبوت ہے‘ غربت میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے‘ 20 کلو آٹا 58 روپے مہنگاہوا‘ انڈے، گھی، کوکنگ آئل، دال، لہسن، دودھ، دہی، چاول، گوشت کی قیمت میں مزید اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے‘ گھی کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں41 فیصد، کوکنگ آئل 37 فیصد اور چکن 39 فیصد مہنگی ہونا ظلم کی بدترین شکل ہے‘ بجلی گزشتہ سال کے مقابلے میں 47 فیصد اورایل پی جی 46 فیصد مہنگی ہوئی جو حکومتی نااہلی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے ۔ جوتے 33 فیصد مہنگے ہونے کا مطلب ہے کہ حکمران قوم کے پیر ننگے کرنے پر تُلے ہوئے ہیں‘ یہ ظلم کی حکومت ہے جو چل نہیں سکتی‘موجودہ حکمرانوں نے قوم کو کوئی ریلیف نہیں دیا بلکہ صرف تکلیف دی ہے۔