کراچی(اسٹاف رپورٹر) ن لیگی نائب صدر وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک وفد کے ساتھ بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ مرحوم عطا اللہ مینگل کی تعزیت کے لیے ان کے آبائی گھر وڈھ بلوچستان پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم کے بیٹے پی ڈی ایم کے رہنمابی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل اور دیگر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ وفد میں مفتاح اسماعیل، محمد زبیر، سینیٹر آغادرانی اور دیگر شامل تھے۔ شاہد خاقان نے ان کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل نے 1973ء کے متفقہ آئین کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔مرحوم چھوٹے صوبوں کے احساس محرومی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنے والے رہنما تھے۔ سردار مینگل کی ملک اور قوم کے لیے کی گئی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شاہد خاقان نے کہا کہ ملکی یکجہتی اور سلامتی کے لیے صوبائی اکائیوں کے تحفظات کو دورکرناناگزیرہے۔ملکی سلامتی کے لیے آئین پر مکمل عمل درآمد کیا جائے اورفوری منصفانہ اور آزادانہ انتخابات منعقد کرائے جائیں۔