راولپنڈی میں تیز بارش ، قومی ٹیم کا ٹریننگ سیشن منسوخ

198
راولپنڈی: ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کھلاڑیوں کے استقبالیہ اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ایک روزہ اسکواڈ کی ٹیم کا استقبالیہ اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کی۔اجلاس میں کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان سمیت تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی اسکواڈ میں شامل نئے ارکان کو خوش آمدید کہا گیا اور اجلا س میں بتایا گیا کہ قومی اسکواڈ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کررہا ہے۔دوسری طرف راولپنڈی میں تیز بارش کے باعث قومی ون ڈے اسکواڈ کا پہلا ٹریننگ سیشن منسوخ کردیا گیا۔بارش کے باعث ٹریننگ سیشن منسوخ ہونے پر قومی کھلاڑیوں کا ٹیم ہوٹل میں موبیلیٹی سیشن منعقد کیاگیا جس میں محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور عثمان قادر ،شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر، خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے بھی حصہ لیا۔ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈریکس سائمن نے سیشن کی نگرانی کی۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے اور 5ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے آج اسلام آباد پہنچے گی۔ دونوں ممالک کے مابین کرکٹ سیریز 17 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ یہ3 ون ڈے میچز راولپنڈی میں اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل ون ڈے تینوں میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پہلا ون ڈے 17ستمبر کو، دوسرا ون ڈے19ستمبر کو اور تیسرا ون ڈے 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا ۔دونوں ٹیموں کے مابین 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک شیڈول پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جائیں گے۔25ستمبر کو پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، 26 ستمبر کو دوسرا،29 ستمبرکو تیسرا،یکم اکتوبر کو چوتھا اور3 اکتوبر کو پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائیگا۔