بدین (نمائندہ جسارت) بدین کے نواحی شہر کڈھن میں مقامی اسپتال کے ایم ایس اور مذہبی تنظیم کے صدر ڈاکٹر شجاعت حسین خواجہ کے گھر پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، شہر میں خوف و ہراس، گزشتہ شب بدین کے قصبہ کڈھن شہر میں نامعلوم ملزمان سرکاری ہیلتھ سینٹر کے ایم ایس اور مذہبی تنظیم کے صدر ڈاکٹر شجاعت حسین خواجہ کے گھر پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ ڈاکٹر شجاعت خواجہ اس وقت امام بارگاہ میں جاری مجلس میں شریک ہونے کی وجہ سے گھر پر موجود نہیں تھے۔ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر ڈاکٹر شجاعت حسین خواجہ دیگر معززین کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو اطلاع پر مقامی پولیس بھی پہنچ گئی۔ اس موقع پر گھر کے باہر دیوار پر پستول کی گولیوں کے نشانات کے علاوہ گولیوں کے تین خول بھی ملے۔ فائرنگ کے باعث شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واضح رہے کہ کڈھن شہر میں محرم الحرام سے فریقین میں ہونے والے تصادم اور ہنگامہ آرائی کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں۔ ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک روز میں کڈھن تھانے کے دو ایس ایچ او بشیر چانڈیو اور قربان ملاح کا تبادلہ کر کے فرمان علی آگھیم کو کڈھن تھانے کا ایس ایچ او تعینات کیا ہے۔ دوسری جانب بدین کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعہ دہشت گردی اور حالات کو ایک بار پھر خراب کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شرپسند عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے۔