سانگھڑ میں آئس اور دیگر منشیات کی سرے عام خریدو فروخت

113

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) ضلع سانگھڑ میں آئس اور دیگر منشیات کی سرے عام خریدو فروخت اور استعمال کیخلاف سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے بینرز آویزاں کرتے ہوئے منشیات کے روک تھام کے لیے آواز بلند کی۔ اس موقع پر منصور جبار میمن، جبار جونیجو، حاجی یامین لالو، وقار جٹ، محمد قذافی ودیگر نے کہا کہ آئس کا نشہ کھلے عام دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ نوجوان طلبہ وطالبات اس نشے کی لت کے عادی ہو چکے ہیں۔ مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئس تعلیمی اداروں میں پہنچائی جارہی ہے جہاں ہمارے نوجوان اس نشے کے عادی ہوچکے ہیں۔ آئس کے استعمال سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے مگر پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارگردگی پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ اس سلسلے میں مظاہرین نے کہا کہ اگر اس نشے کو بند نہ کیا گیا تو عنقریب نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوسکتا ہے جس سے آنے والی نسلیں تباہ ہوجائیں گی ہمارے معاشرے کا مستقبل داؤ پر ہے۔ مظاہرین نے آئی جی سندھ سمیت دیگر اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام منشیات کی خریدوفروخت کیخلاف سخت سے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جائے۔