سراج الحق کی ڈاکٹر سعد خالد نیاز سے ملاقات، فیصلے پر خراج تحسین

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کرا چی آمد کے موقع پر ملک کے ممتاز ماہر امراض جگر و معدہ ڈاکٹر سعد خالد نیاز سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وبا کے دوران ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات اور اس دوران اپنی جان قربان کرنے والوں کو نظر انداز کرنے پر خود کو دیے گئے’’ تمغہ امتیاز ‘‘واپس کر نے پر ان کو خراج تحسین کیا ۔ سراج الحق نے کہا کہ آپ کے اس جرأت مندانہ موقف اور اقدام کی حمایت اور تائید کرتے ہیں اور ڈاکٹروں کے حقوق کی جدو جہد میں جماعت اسلامی کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں ۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ کورونا وبا میں ملک بھر میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے فرنٹ لائن پر رہ کر اور اپنی زندگیوں کو دائو پر لگا کر خدمات انجام دیں ان کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،مسلم پرویز ،سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان اور ڈپٹی سیکرٹری راشد قریشی ، ڈاکٹر عظیم الدین اور سلمان کریم خان بھی موجود تھے ۔