پاکستانیوں کی قسمت خراب ہوئی تو مریم اور بلاول وزیراعظم بن جائینگے،فواد چوہدری

154

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور بلاول صرف دھاندلی کے ذریعے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کے زیادہ تر سیاسی رہنمائوں کو ٹیکنالوجی کی اے بی سی کا بھی نہیں پتا، جدید ٹیکنالوجی نہیں لائیں گے تو پیچھے رہ جائیں گے، موجودہ حکومت اصلاحات کے ذریعے اداروں کو منافع بخش بنانے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کو انتخابی اصلاحات کے لیے تجاویز دینے میں کوئی دلچسپی نہیں، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جوانتخابی اصلاحات کی بات کررہی ہے، (ن) لیگ ایک بار بھی دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں جیتی، مریم نواز اور بلاول صرف دھاندلی کے ذریعے وزیراعظم بن سکتے ہیں، (ن) لیگ کی سیاست اپنے خلاف عدالتی فیصلوں کے التوا تک محدود ہوچکی ہے، اگر الیکشن شفاف ہوجائیں تو شریف فیملی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ملک میں قبل از وقت الیکشن کا امکان مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے ۔ آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل فیض حمید کے حالیہ دورہ افغانستان کا مقصد غیر رسمی فریم ورک بنانا تھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جن ممالک کے ساتھ باضابطہ تعلقات نہیں ہوتے۔وہاں انٹیلی جنس ایجنسیاں غیر رسمی فریم ورک بناتی ہے تاکہ وہاں کے مسائل کو سمجھا جا سکے۔ڈی جی آئی ایس آئی کا دورہ افغانستان بھی اسی فریم ورک کا حصہ تھا۔افغانستان میں اس سے پہلے سی آئی اے کے چیف گئے اور ترکی، قطر کی انٹیلی جنس ایجنسیز کے بھی وہاں روابط ہیں۔