ٹینکر مافیا سے نجات سیوریج لائنوں کی تبدیلی اورسڑکوں کی تعمیر اولین ترجیح ہوگی،سید کشف قیصر

213

کراچی (رپورٹ: خالد مخدومی) فیصل کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 9 سے جماعت اسلامی کے امیدوار اور وارڈ کی متحرک شخصیت سید کشف قیصر منتخب ہونے کے بعد علاقے کی تعمیروترقی کا ایک واضح اور طے شدہ منصوبہ رکھتے ہیں اس بارے میں جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ان کی نظریں علاقے کے تمام مسائل پر ہیں جن میں جوہر نالے کی تعمیر اورپینے کے پانی کی فراہمی کا مسئلہ سرفہرست ہے ،ان کا وارڈ نمبر9میں صاف پانی کی فراہمی ان کا ٹارگٹ ہے، مختلف علاقوں اور رہائشی عمارتوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے ان کا کہنا تھاکہ ان کے پاس اس قلت پر قابو پانے کے لیے قابل عمل منصوبہ موجود ہے اورعلاقہ مکین اس وقت ٹینکر مافیا کے رحم وکرم پر ہیں اور وہ اس مافیا سے من مانی قیمت پر پانی لینے پرمجبور ہیں۔ کشف قیصرکا کہنا تھا کہ وہ جلد مکینوںکو ٹینکر مافیا سے نجات دلوائیں گے ۔ ترواز کے نشان پر انتخاب لڑنے والے جماعت اسلامی کے امیدوار کشف قیصرکا کہنا تھا کہ جس طرح علاقے میں صاف پانی کی فراہمی بڑا مسئلہ ہے اسی طرح گندے پانی کی نکاسی بھی ایک بہت بڑے مسئلے کی صورت میںعلاقے میں موجود ہے علاقے کی تمام سیوریج لائینز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور پورا علاقہ گندے اور نجس پانی میں ڈوبا نظر آتا ہے، مسئلے کے لیے حل کے لیے جماعت اسلامی نے کام کیاہے اور آئندہ بھی اس مسئلے کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ کشف قیصر کا کہنا تھاکہ وارڈ 9گلستان جوہرکا پوش علاقہ تصور کیا جاتا ہے جہاں 600گز تک کے مکانات ہیں لیکن اس کی تمام گلیاں اور سڑکیں ناپید ہوچکی ہیںجس کی بڑی وجہ نکاسی آب کے نظام کا تباہ ہونا ہے، ان سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر بھی ان کی ترجیح میں شامل ہوگی۔ کشف قیصر نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ جن مسائل کے حل کی بات کررہے ہیںوہ منتخب ہونے کے بعدان تمام مسائل پر جلد قابو پالینگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پورے گلستان جوہر کی طرح واڑد نمبر 9 میں بھی جماعت اسلامی نمایاں تریں جماعت ہے جو یہاں بھرپور عوامی قوت رکھتی ہے اور اس کا مظاہرہ مختلف مواقع پر ہوتا رہتا ہے۔