لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بل متنازع ہے اس پر نظر ثانی کی جائے، میرا نہیں خیال کہ وزیراعظم عمران خان ایسے متنازع بل کی منظوری دیں گے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے اور پی یو جے سمیت تمام نمائندہ صحافتی تنظیموں نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پاکستان کی ترقی کیلیے بھی بہت ضروری ہے، میڈیا کی آزادی پر کسی قسم کی بھی قدغن لگانا ہمارے اپنے مفاد میں نہیں، ٹھنڈے دل سے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کو سمجھانا پڑے گا کہ بلدیاتی اور عام انتخابات دور نہیں، وزیراعظم سے بھی امید کرتے ہیں کہ وہ میڈیا کی تنقید کو مثبت انداز میں لیں گے پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت میں الیکٹرونک میڈیا کے ریکارڈ لائسنس جاری ہوئے، میڈیا کی تنقید کو بھی کھلے دل سے قبول کیا، میڈیا کی تنقید سے ہمیشہ اصلاح کا پہلو لیا، ہمیشہ میڈیا کی آزادی اور اس کے ورکرز کی فلاح و بہبود کیلیے کام کیا، آزاد میڈیا پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلیے انتہائی ضروری ہے۔