پشاور(صباح نیوز)پشاو ر ہا ئی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں کہا ہے کہ کیوں نہ فواد چو دھری اور فردوس عاشق کے خلاف وارنٹ جاری کریں ۔پشاورہائی کورٹ میں سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کی سزا کے خلاف وفاقی وزرا کی توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ۔ عدالت کی جانب سے سماعت کے دوران پیش نہ ہونے پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور سابق ترجما ن پنجاب حکومت فردوس عاشق اعوان پر برہمی کا اظہار کیاگیا۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ تین بار نوٹس جاری کیے مگر یہ پیش نہیں ہوئے، کیوں نہ ان کے خلاف وارنٹ جاری کردیے جائیں ۔پشاورہائی کورٹ کے جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ کیا یہ لوگ جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے یا پھر شرم آرہی ہے،توہین آمیز زبان استعمال کرکے پوائنٹ ا سکورنگ کی کوشش کی گئی ۔ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ چیف جسٹس کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال ناقابل برداشت ہے۔عدالت نے کہا کہ فروغ نسیم ، شہزاد اکبر اور سابق اٹارنی جنرل توہین آمیز رویہ پر معافی مانگ چکے ہیں لیکن فواد چودھری اور فردوس عاشق اعوان کی معافی کو قبول کرنا ہے یانہیں اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔وکلا کی جانب سے آئندہ سماعت پر دونوں کی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی جس کے بعدعدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔