شاہ محمود سے کینیا کی وزیر دفاع کا ٹیلیفونک رابطہ‘افغان صورتحال پر گفتگو

133

اسلام آباد(اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کینیا کی وزیر دفاع مونیکا جوما نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کینیا کی وزیر دفاع کو افغانستان کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کے نقطہ نظر اور مختلف ممالک کے سفارتی عملے، شہریوں اور بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں کے کابل سے انخلا میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت سے آگاہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے کینیا کے مسلح افواج کے سربراہ کے جون 2021ء میں کیے گئے دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان اور کینیا کے مابین دفاعی روابط کے فروغ کا باعث قرار دیا۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ سے رومانیہ کے ہم منصب بوگڈن آرسکو نے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔جس میںشاہ محمود قریشی نے رومانیہ ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان، کابل سے انخلا کے عمل میں معاونت کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارتی و دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ رومانیہ کے وزیر خارجہ نے شاہ محمود کو دورہ رومانیہ کی دعوت دی جبکہ وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے رومانیہ ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔