پرویز مشرف نے سب سے بڑا جرم کیا،آئین توڑا طاقتوروں کو این آر او دیا،وزیراعظم

641
اسلام آباد: وزیراعظم ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منصوبے کی بریفنگ لے رہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ جنرل پرویز مشرف نے سب بڑاجرم کیا، ملک کا آئین توڑا اور طاقتوروں کو این آراو دے دیا،پیسا تو پرویز مشرف کا تھا ہی نہیں، پیسا تو قوم کا تھا، ڈکٹیٹر مشرف کے خلاف تحریک میں شامل رہنے پر فخر ہے، بدقسمتی سے وکلا کی تحریک کے جو نتائج آنے چاہیے تھے وہ نہیں آئے۔منگل کو اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ترقی کی طرف جارہا تھا مگر آہستہ آہستہ ہمارا ملک اوپر سے نیچے جانا شروع ہوگیا، 30 سال میں ملک تیزی سے نیچے گیا اور ہر چیز میں دنیا آگے نکل گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ بنگلادیش بھی پاکستان سے آگے نکل چکا ہے جب کہ قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے۔ان کے بقول پاکستان میں قانون کی بالادستی نہیں،اس لیے قبضہ گروپ متحرک ہیں، قانون کی وجہ سے برطانیہ میں قبضہ گروپ نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ سارے اکٹھے ہوکر حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں، کہتے ہیں ہمارے لیے علیحدہ قانون بنا دو، ہمیں این آر او دے دو، طاقتور ہمیشہ قانون سے اوپر رہنا چاہتا ہے، امیر اور غریب کے لیے الگ قانون ہمارا المیہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کمزور کو انصاف چاہیے ہوتا ہے، طاقتور انصاف سے اوپر رہنا چاہتا ہے، عدلیہ سے کہتا ہوں ہر ممکن معاونت کریں گے،ملک میں خوشحالی اس وقت آئے گی جب قانون کی بالادستی ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ پرعمل سے ہمارے آدھے مسائل حل ہوجائیں گے۔ عمران خان کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ون آن ون ملاقات کی جس میں افغانستان اور بارڈر مینجمنٹ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ افغانستان سے انخلا اور پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا ۔ طورخم اور چمن بارڈر کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ مزیدبرآں وزیراعظم سے وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی ،اسد عمر اور خسروبختیار نے الگ الگ ملاقات کی جس میں پارٹی امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسد عمرنے وزیراعظم کو کراچی کی ترقی کے لیے جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو کراچی سرکلر ریلوے کے آغاز کی منظوری کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ عمران خان نے کہاکہ وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ماضی میں حکومتیں ملک کے اقتصادی مرکز کراچی کو نظر انداز کرتی رہیں، کراچی میں روزگار کے لیے مزدوروں و افرادی قوت کی صنعتوں تک رسائی اولین ترجیح ہے۔