اسلام آباد: سپریم کورٹ میں دوران سماعت ملزم کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوگیا ہے۔
سپریم کورٹ میں چمن جیل میں قید قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت جاری تھی جس میں انکشاف ہوا کہ ملزم ایڈز میں مبتلا ہے۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا ایچ آئی وی کا متاثرہ شخص جیل کے دیگر قیدیوں کے لیے نقصان دہ نہیں؟ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق ملزم کو پھیپھڑوں کے علاوہ دوسری بیماریاں بھی ہیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چمن جیل میں علاج معالجے کا مناسب انتظام نہیں۔
عدالت نے کہا کہ ملزم پارٹی کہتی ہے دوسرا میڈیکل بورڈ بنا کر ملزم کی صحت کا جائزہ لیا جائے، نیا میڈیکل بورڈ یہ بتائے کیا چمن جیل میں علاج کا مناسب انتظام ہے؟
عدالت نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے معاملہ بلوچستان ہائی کورٹ کو بھجوا دیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ ملزم کی درخواست ضمانت کا فیصلہ کرے۔