راولپنڈی (آن لائن) سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ ارم نصیر نے تھانہ پیرودہائی کے علاقے میں واقع مدرسے میں 16سالہ طالبہ سے مبینہ جنسی زیادتی اور تشددکے مقدمہ میں نامزدمرکزی ملزم و مدرسے کے مہتمم کے جسمانی ریمانڈ میں 3یوم کی توسیع کر دی ہے ۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید5روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ
ملزم کو دوبارہ 9ستمبر کو عدالت میں پیش کر کے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گزشتہ روز سماعت کے موقع پرپیرودھائی پولیس نے مرکزی ملزم مفتی شاہنوازکو عدالت میںپیش کیااس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ لڑکی کے میڈیکل کے نمونے نہ ہونے کی وجہ سے ملزم کا ڈی این اے بھی نہیں ہوسکاکیونکہ متاثرہ لڑکی کے نمونے نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے مفتی کے ڈی این اے کے نمونے بھی نہیں لیے جبکہ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی نہیں ہوسکا اور پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے 30 ستمبر کی تاریخ دی گئی ہے ۔ لہٰذاعدالت کیس کے حقائق تک پہنچنے کے لیے ملزم کا مزید 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرے تاہم عدالت نے 5روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمانڈ 3یوم کی توسیع کردی۔