لاہور (نمائندہ جسارت) نیب نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد علی عمران یوسف کے اثاثہ جات قبضے میں لینے کیلیے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے نیب نے ملزمان کے اثاثہ جات کی مکمل تفصیلات کیلیے رجسٹریشن اتھارٹیز کو مراسلے بھی جاری کردیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب نے محکمہ ایکسائز پنجاب، محکمہ کوآپریٹو، اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، ایل ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو خطوط جاری کیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ علی عمران اور رابعہ عمران کے نام پر موجود گاڑیوں، پلاٹس، رہائشی مکانات اور کمرشل جائداد کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق نیب تمام پراپرٹی اور اثاثہ جات کی فہرست مکمل ہونے پر قبضے کی کارروائی کرے گا۔ احتساب عدالت نے ملزمان کو مسلسل غیر حاضری پر مفرور ملزم قرار دیتے اثاثہ جات قبضے میں لینے کی ہدایت کی تھی۔