دور نبوی سے لے کرتا امروز امت کے درمیان اس موضوع پر کبھی کوئی اختلاف نہیں رہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم آخری نبی ہیں اور آپؐ کی امت آخری امت ہے۔علامہ اقبالؒ نے آنحضورصلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد عالیہ ہی کو اپنے فارسی کلام میں یوں منظوم کیا ہے:
پس خدا برما شریعت ختم کرد
بر رسول ما رسالت ختم کرد
رونق از ما محفلِ ایام را
اُو رُسل را ختم و ما اقوام را
حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بیسیوں احادیث اسی موضوع پر ہیں کہ آپؐ کے بعد کوئی نبی اور رسول نہیں آئے گا۔ یہ سب احادیث سورہئ احزاب کی آیت نمبر۰۴ کی تشریح کرتی ہیں۔ ہم چند احادیث یہاں نقل کرتے ہیں۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بنی اسرائیل کی قیادت انبیا کیا کرتے تھے۔ جب کوئی نبی وفات پاجاتا تو دوسرا نبی اس کا جانشین ہوتا۔ مگر میرے بعد کوئی نبی نہ ہوگا بلکہ خلفا ہوں گے۔ (بخاری،کتاب المناقب)
حضرت ابیّ بن کعب کی روایت:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے چھ باتوں میں تمام انبیا پر فضیلت دی گئی ہے۔
(۱)مجھے جامع اور مختصر بات کہنے کی صلاحیت دی گئی ہے،
(۲) مجھے رعب کے ذریعے سے نصرت بخشی گئی ہے، (۳)میرے لیے اموالِ غنیمت حلال کیے گئے ہیں،
(۴) میرے لیے زمین کو مسجد بھی بنا دیا گیا ہے اور پاکیزگی حاصل کرنے کا ذریعہ بھی (یعنی میری شریعت میں نماز صرف مخصوص عبادت گاہوں میں ہی نہیں بلکہ روئے زمین پر ہرجگہ پڑھی جاسکتی ہے اور پانی نہ ملے تو میری شریعت میں تیمم کرکے وضو کی حاجت بھی پوری کی جاسکتی ہے اور غسل کی حاجت بھی)
(۵)مجھے تمام دنیا کے لیے رسول بنایا گیا ہے اور
(۶) مجھ پر انبیا کا سلسلہ ختم کردیا گیا ہے۔
(مسلم، ترمذی، ابن ماجہ)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: رسالت اور نبوت کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ میرے بعد اب نہ کوئی رسول ہے اور نہ نبی۔ (مسند احمد، مرویات، انس بن مالک)
(بخاری ومسلم، کتاب الفضائل، باب اسماء النبی۔ ترمذی، کتاب الآداب، باب اسماء النبی۔ مؤطا، کتاب اسماء النبی، المستدرک للحاکم، کتاب التاریخ، باب اسماء النبی)
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں محمد ہوں، میں احمد ہوں، میں ماحی ہوں کہ میرے ذریعہ سے کفر محو کیا جائے گا۔ میں حاشر ہوں کہ میرے بعد لوگ حشر میں جمع کیے جائیں گے (یعنی میرے بعد اب بس قیامت ہی آنی ہے) اور میں عاقب ہوں، اور عاقب وہ ہے جس کے بعد کوئی نبی نہ ہو۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے کوئی نبی نہیں بھیجا جس نے اپنی امت کو دجال کے خروج سے نہ ڈرایا ہو (مگر ان کے زمانے میں وہ نہ آیا) اب میں آخری نبی ہوں اور تم آخری امت ہو۔ لامحالہ اب اس کو تمھارے اندر ہی نکلنا ہے۔ (ابن ماجہ، باب الدجال)
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرے بعد اگر کوئی نبی ہوتا تو عمر بن خطابؓ ہوتے۔ (ترمذی)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علیؓ سے فرمایا: میرے ساتھ تمھاری نسبت وہی ہے جو موسیٰؑ کے ساتھ ہارونؑ کی تھی، مگر میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔
ان احادیث میں اللہ کے فضل ورحمت سے ہر دور میں ائمہ کرام اور مجتہدین امت نے یکساں موقف اپنایا ہے۔ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت پر نقب لگانے والے تمام مجرمین بالاتفاق کفار ہیں۔ وہ دنیا میں بھی عبرت کا نشان بنے اور آخرت میں بھی ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔ اس موضوع پر اختصار کے ساتھ اہلِ علم کی آرا ذیل میں پیش کی جارہی ہیں:
امام ابوحنیفہؒ کے زمانے میں ایک آدمی نے نبوت کا دعوی ٰ کیا اور کہا: ”مجھے موقع دو کہ میں اپنی نبوت کی علامات پیش کروں“۔ اس پر امام اعظمؒ نے فرمایا کہ ”جوشخص اس سے نبوت کی علامت طلب کرے گا وہ بھی کافر ہوجائے گا کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرما چکے ہیں کہ لَانَبِیَّ بَعْدِیْ۔“ (مناقب الامام الاعظم، ج۱،ص۱۶۱)۔
علامہ ابن جریر لکھتے ہیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر نبوت ختم ہوگئی اورا س پر مہر لگا دی گئی۔ اب قیامت تک کے لیے یہ دروازہ بند ہے۔ (تفسیرابن جریر، ج۲۲،ص۲۱)
امام طحاوی اپنی کتاب عقیدہ سلفیہ میں اور علامہ ابن حزم اپنی تفسیر المعلّٰی میں فرماتے ہیں کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم خاتم الانبیا ہیں آپؐ کے بعد کوئی نبی اور رسول نہیں۔
علامہ زمخشریؒ (۷۶۴-۸۳۵ھ) لکھتے ہیں: ”جو لوگ حضرت عیسیٰg کی دوبارہ آمد کو دلیل بناتے ہیں انھیں جان لینا چاہیے کہ عیسیٰg آپؐ سے پہلے نبی بنائے جاچکے تھے، جب وہ نازل ہوں گے تو شریعت محمدیہ کے پیرو اور آنحضورصلی اللہ علیہ وسلم کی امت کے ایک فرد کے طور پر آئیں گے۔ (تفسیرکشاف ج۲،ص۵۱۲)۔ یہی بات امام بیضاویؒ متوفی۵۸۶ھ نے لکھی ہے۔ (بحوالہ انوارالتنزیل،ج۴،ص۴۶۱)
علامہ سیوطیؒ متوفی۹۱۱ھ لکھتے ہیں: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی نبی نہیں اور عیسیٰg جب نازل ہوں گے تو آپؐ کی شریعت کے مطابق ہی عمل کریں گے۔ (جلالین، ص۸۶۷)
علامہ آلوسیؒ متوفی۱۲۷۰ھ نے اس موضوع پر تفصیلاً لکھا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ آنحضورصلی اللہ علیہ وسلم کے بعد نبوت کا مدعی بالاتفاق کافر اور واجب القتل ہے۔ (روح المعانی، ج۲۲، ص۲۳، ۸۳،۹۳)
نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا خاتم النبیین ہونا خود اس امت کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ جس طرح آپ انبیاء کے خاتم ہیں، اسی طرح یہ امت جملہ اممِ عالم کی خاتم ہے۔
رونق از ما محفل ایام را
او رسل را ختم وما اقوام را
لا نبیّ بعد ز احسانِ خدا ست
پردہئ ناموسِ دینِ مصطفیٰ است
……٭……