کراچی: بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ، اس کے نظریے اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے، پیپلز پارٹی کی جدوجہد پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے ہے۔
تفصیلات کے مطابق یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جدوجہد پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے ہے، تمام شہریوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں، فوجی جوانوں کا غیر متزلزل عزم اور عوام کا ناقابل تسخیر اتحاد ہماری طاقت اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے جنہوں نے قوم کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا، یہ قائدِ عوام کی دختر وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو تھیں، جنہوں نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی پروگرام دیا، ان اقدام کا مقصد یہ تھا کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم کے فلسفے کی روشنی میں نظریہ پاکستان کی پیروی مضبوط دفاع کے ساتھ کریں گے۔
یاد رہے ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، مسلح افواج کے غازیوں اور شہدا کو قوم کا سلام اور خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔