سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں یوم دفاع قومی جذبے کیساتھ منانے کے حوالے سے تقریبات، ریلیوں و سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے اس سلسلے میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر اور جمعیت علما پاکستان سکھر کے زیر اہتمام بندر روڈ پر ریلی نکالی اور پاک افواج زندہ باد، پاکستان زندہ باد ، کشمیر بنے گا پاکستان کی فلگ شگاف نعرے بازی کرتے ہوئے بھارتی پرچم نذر آتش کیا گیا شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں شہداء افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بینرز سمیت قومی و کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کی قیادت جے یو پی کے رہنما مشرف محمود قادری، جناح ویلفیئر کے اصلاح الدین شیخ کررہے تھے جبکہ ریلی میں مولانا نعمان خان، ڈاکٹر سعید اعوان، حسنین شیخ، مولانا افضل حسینی، خیر محمد قریشی، نعیم الدین شیخ، نواب عدنان بندھانی سمیت معززین شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں نے 6 ستمبر (یوم دفاع) کے موقع پر افواج پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 1965ء کی جنگ کو یاد رکھے، یہ قوم سرفروشوں کی قوم ہے جن کے جوش و جذبے کے سامنے گولہ بارود کچھ نہیں، بھارت اپنا قبلہ درست کرے اور کوئی ایسی غلطی کرنے کی جرات نہ کرے کہ اس کا نام ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے۔ پاکستان کی سرزمین پر جب بھی کسی دشمن نے حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو پاکستان کی بہادر افواج سمیت سندھ کے عوام نے بھی بندوق اٹھا کر اپنے وطن کے چپے چپے کا دفاع کیا۔ آج پوری قوم متحد ہو کر اپنے شہداء 6 ستمبر کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔