پریم یونین کا ملتان اسٹیشن پر احتجاج 8ستمبر کو ہوگا

158

ریلوے پریم یونین کی طرف سے ٹرینوں کی نجکاری کے حکومتی فیصلہ کے خلاف ملک گیر تحریک کے سلسلہ میں8 ستمبر کو ملتان ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی جلسہ ہوگا۔ جس سے ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری، صدرشیخ محمد انور ، جنرل سیکرٹری خیرمحمدتونیو اور دیگر خطاب کریں گے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات خالد محمودچوہدری کے مطابق فیصل آباد ریلوے اسٹیشن سے بھی ریلوے ملازمین کا ایک وفد جلسوں میں شرکت کرے گا۔ خالد محمود چودھری نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے دعوے داروں نے ریلوے کی 15ہزار اسامیوں پر بھرتی کرنے کے بجائے انہیں یکسرختم کردیاہے۔ پی ٹی آئی کو ن لیگ اورپیپلز پارٹی کے عبرت ناک انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔حکمران طاقت میں نشہ کے ایسے اقدامات کرنے سے گریز کریں جو مستقبل میںخود ان کے گلے کی ہڈی ثابت ہوں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی و بے روزگاری کی وجہ سے لوگ فاقے کرنے پر مجبور ہیں ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ حکومتی ارکان ٹی وی پروگراموں میں معیشت کی بہتری کے دعوے کرتے اور ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 50لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کرنے والوں نے صرف لنگر خانے تعمیر کروائے۔حکومتی خسارہ پورا کرنے کے لیے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی اور فلاحی ادارے کو نجکاری کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، مزدوروں کے حقوق کے لیے ہرجگہ آواز اٹھائیں گے، حکومت نے ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ملک بھر سے ریل مزدور اسلام آباد کا رخ کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے اس ادارے کو اپنے سیاسی مفادات اور فلاحی ادارے کے طور پر استعمال کیا ہے لیکن جس مالی مدد کی ریلوے کو حکومت سے ضرورت تھی ریلوے کو اس سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ،پی آئی اے ،واپڈا کو مزدوروں نے نہیں بلکہ کرپٹ حکومتوں نے تباہ کیا ۔خسارے میں چلنے والے اداروں کو بحا ل کرنا حکومت کا کام ہے ، اگر ادارے خسارے میں ہیں تو اس کا حل یہ نہیں کہ ان کو بیچ دیا جائے ،جھونپڑیوں میں رہنے والوں کو حقوق سے محروم رکھا گیا تو وہ بنگلوں میں رہنے والوں کو بھی چین سے نہیں رہنے دیں گے۔