عمران خان کو وزیراعظم بنا کر ملک کیخلاف سازش کی گئی، احسن اقبال

173

بدوملہی (آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے جنرل سیکرٹری، سابق وفاقی وزیر داخلہ اور رکن قومی اسمبلی پروفیسر احسن اقبال
نے کہا ہے کہ عمران خان کو جس نے بھی وزارت عظمٰی پر بیٹھایا انہوں نے ملک کے خلاف سازش کی ہے، پاکستان کے تمام اداروں کو پی ٹی آئی حکومت نے تباہ و برباد کردیا ہے، حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی سزا حکومت کو نہیں عوام کو ملے گی، آج پاکستان کے تمام ترقیاتی منصوبے داﺅ پر لگ چکے ہیں، عمران خان صرف چندہ جمع کرسکتا ہے اس کو چندہ جمع کرنے پر لگایا جائے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے کھاریاں موٹروے کے افتتاح پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، مہنگائی کے دور میں عمران نیازی سستی موٹروے بنا رہے ہیں، پشاور میٹرو بس لاہور ملتان راولپنڈی سے کہیں مہنگی بنائی گئی، دیا میر اور بھاشا ڈیم کو بھی سفید ہاتھی بنایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے خاموشی سے پاکستان کی کرنسی 13 فیصد ڈاون کر دی ہے پاکستانی کرنسی کی ڈیویلوایشن سے ملک میں مہنگائی بڑے گی آئندہ 6 ماہ میں ملک میں ریکارڈ مہنگائی ہو جائے گی عمران خان کی نااہلی کا خمیازہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو بھگتنا پڑے گا عمران نیازی میرے خلاف نئے جھوٹے مقدمات بنانا چاہتا ہے پاکستان میں تمام ادارے آزاد ہو کر کام کریں گے تو ملک جنت بن جائے گا۔