وزیر داخلہ ،وزیر اطلاعات شہباز شریف کو گرفتاری کی دھمکی دے رہے ہیں،ن لیگ

105

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات شہباز شریف کو گرفتاری کی دھمکی دے رہے ہیں۔ن لیگ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کا ذاتی حسد جب نیب سے ٹھنڈا نہیں ہوا تو ایف آئی اے کو استعمال کیا جا رہا ہے ،بشیر میمن بتاچکے ہیں عمران خان اپوزیشن کی گرفتاریاں کرا کے آرٹیکل 6 لگوانا چاہتے تھے ،وزیر داخلہ اپوزیشن کے رہنماﺅں کو دھمکیاں دیتے ہیں ،وزیر اطلاعات بھی اپوزیشن کو جیل میں بھجوانے کی دھمکی دیتے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بینکنگ جرائم کورٹ میں پیشی کے موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ کےساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان صاحب شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر جھوٹا کیس بنانے سے آپ کی چینی چوری نہیں چھپ پائے گی ،حکومت نے کورونا فنڈ بھی کھا لیا ہے ،زکوةاور خیرات بھی کھا لی ہے ، آپ جھوٹے احتساب کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر کرپشن ثابت نہیں کرسکیں گے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں اداروں کو بھی نہیں پتا کہ کون سے قانون کی پاسداری کرنی ہے ۔ایف آئی اے کے ادارے کو سیاسی مخالفین کےلیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیںمسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان شہباز شریف کے بغض میں دماغی مریض بن چکے ہیں،شہباز شریف نے دس سال میں کھربوں کے منصوبے لگائے اور ایک ایک پائی کا حساب دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے خون پسینے سے پنجاب کو سنوارالیکن عمران بزدار برادران نے اسے بنجر کر دیا ، عمران بزدار برادران نے ہر جھوٹا الزام لگایا اور انہیں 2مرتبہ گرفتار کیا، ان کے بنائے گئے ہر منصوبے کو کھنگالا گیا ، گھر کے ہر فرد کا احتساب ہو چکا لیکن کرپشن ثابت نہ ہو سکی۔ نیب تھک ہار چکا لیکن شہباز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکا ۔