لاہور،ملتان(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔شہباز شریف کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنمائوں نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے آئینی معاملے پر مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔ نجی ٹی وی کو شہباز شریف اور بلاول کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں جلد ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اپوزیشن مل کر انتخابی اصلاحات اور ای سی نئے ممبرزپرلائحہ عمل بنائیگی جبکہ حکومت کے خلاف اتفاق رائے سے ساتھ چلنے کی تجویزپر بھی غور کیا گیا۔شہباز شریف نے بلاول کی تجاویز پر مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنمائوں سے مشاورت کا عندیہ بھی دیا۔پی پی چیئرمین اور مسلم لیگ ن کے صدر نے ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری کم کرنیکی تجویز بھی دی جس پر دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا اور آئندہ ہفتے ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا۔بلاول زرداری نے واضح موقف اپنایا کہ مسلم لیگ ن میں شہباز شریف کے علاوہ کسی اور رہنما سے کوئی بات نہیں ہوگی۔علاوہ ازیںچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے لیڈروں کی وراثت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے خوا ب کو پورا کریں جو عوام کی خوشحالی اور فلاح کا خواب ہے۔ آنیوالا وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا، عوام خوشحال ہوگی ، سلیکٹڈ وزیراعظم نے 20 ہزار خاندانوں سے روٹی کپڑا مکان چھینا ، ملک کو بحران سے ہماری پارٹی اور ہمارا منشور نکال سکتا ہے ۔ ان خیالات کا انتظار انہوں نے ملتان میں مرحوم سید ناظم حسین شاہ کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے اپنے مختصر خطاب میں کیا ۔انہوں نے کہا میاں نواز شریف نے حکومت میں آکر اوار ملازمین کو برطرف کر دیا تھا لیکن ہماری حکومت میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ کے ذریعے ملازمین کو بحال کر دیا تھا۔ اب اس سلیکٹڈ حکومت نے ان20ملازمین کو دوبارہ بیروزگار کر دیا ہے۔ اس ملک کا عام آدمی اس سلیکٹڈ حکومت کی تاریخی مہنگائی، بیروزگاری اور غربت سے پریشان ہے۔ ہم عوام کو تباہی کی اس دلدل سے قائد عوام کے نظریے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے منشور کے ذریعے ہی نکال سکتے ہیں۔ ہم سب لوگوں کو عوام کو یہ بتانا پڑے گا کہ اگر پاکستان کو بچانا چاہتے ہیں تو انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کرنی ہے۔ انشااللہ ہم اپنی حکومت بنائیں گے اور پاکستان میں عوامی راج ہوگا۔ چیئرمین بلاول زرداری نے مرحوم سید ناظم حسین شاہ اور ان کی اہلیہ کی وفات پر ان کے صاحبزادوں لیاقت علی شاہ اور بیرسٹر مدثر حسین شاہ سے تعزیت کی