سلیکٹڈ حکومت ناکام ہوچکی ،ن لیگ قبل از وقت انتخابات کیلئے تیار ہے،شہباز شریف

120

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے‘ قبل از وقت انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر تیار ہے اور موجودہ ملکی صورتحال سے 22 کروڑ عوام پریشان ہیں اور تمام مسائل کا حل شفاف مڈٹرم انتخابات ہیں‘ مسلم لیگ (ن) میں انتشار کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ان خیالات کا انہوں نے سابق وفاقی وزیر چودھری محمد برجیس طاہر اور ان کے بیٹے چودھری ثاقب برجیس سے پارٹی امور اور موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاسی بصیرت سے محروم ہو چکی ہے اور سیاسی تاریخ کی بدترین حکومت ثابت ہوئی ہے‘ مسلم لیگ (ن) نے قوم کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی مگر بدقسمتی یہ ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے دوبارہ عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا تحفہ دے دیا ہے‘ موجودہ ناکام حکومت (ن) لیگ کے ترقیاتی منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے‘ تبدیلی سرکار اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر چکی ہے۔