الیکشن کمیشن ارکان تقرر،شہباز شریف وزیراعظم کے مشاورت کے طریقہ کار پر معترض

180

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن کے 2 اراکین کے تقرر کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کے مشاورت کے طریقہ کار پر اعتراض کر دیا۔ ذرا ئع کا کہنا ہے کہ ن لیگ میں خیبرپختونخوا اور پنجاب سے الیکشن کمیشن کے اراکین کے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔ن لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے آئین کے آرٹیکل 213 کے تحت بامعنی اور بامقصد مشاورت نہیں کی۔ دونوں صوبوں سے 6 نام مسلط کرنے کی کوشش کی۔وزیراعظم کے بھیجے گئے ناموں کا جائزہ لے کر وزیراعظم کو جواب دیا جائے گا ۔ن لیگ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان سے بامقصد مشاورت کا طریقہ کار اختیار کرنے پر بھی زور دیا جائے گا ۔(ن)لیگ وزیراعظم کے خط کے جواب میں اپنے نام بھی دے گی ترجمان شہباز شریف ملک احمد خان نے کہا ہے کہ آئین سے ہٹ کر کی گئی مشاورت غیر ضروری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بھیجے گئے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر کے معاملے پر ن لیگ نے پیپلزپارٹی سے بھی رابطہ کرلیا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف سے مسلم لیگ(ن)نے رابطہ کیا اور الیکشن کمیشن ارکان کے ناموں پر مشاورت کی۔ ترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلزپارٹی مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن کے ارکان سے متعلق تجاویز دے گی۔