حکومت میڈیا کا گلا گھوٹنا چاہتی ہے‘ مولانا فضل الرحمن

237

اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ اور چیئرمین پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ صحافت ایک امانت ہے اور امانت کے لیے دیانت کی ضرورت ہوتی ہے‘ حکومت کی جانب سے مجوزہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل دراصل میڈیا کا گلا گھوٹنے کی کوشش ہے‘ آزادی صحافت کے لیے میڈیا کے ساتھ کھڑے تھے اور ساتھ کھڑے رہیں گے‘ صحافت اور جمہوریت لازم و ملزوم ہیں‘ آپ نے اپنی حریت اور آزادی کا علم بلند کیا ہے ‘ہم دنیا بھر میں آزادی کی تحریکوں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی دعوت پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میڈیا سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ہر شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے‘ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے‘جن ممالک میں ڈکٹیٹر شپ اور بادشاہت ہے وہاں صحافت بھی نہیں ہے اور وہاں ڈکٹیٹرکی مرضی سے اخبارات چھپتے ہیں۔