کوہاٹ ،فائرنگ کے مختلف واقعات خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

235

کوہاٹ (این این آئی) کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 5 افراد زخمی ہوگئے۔ پہلا واقعہ پولیس تھانہ گمبٹ کی حدود میں واقعہ گاؤں گنڈیالی بالا میں پیش آیا، جہاں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما گل رحمن کے گھر میں گھس گئے اور لوٹ مار کی جبکہ مبینہ طور پر مزاحمت کرنے پر ملزموں نے خاتون کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جاں بحق خاتون عوامی نیشنل پارٹی کراچی ویسٹ کے سابق صدر اور سینئر رہنما گل رحمن کی جواں سال بہو بتائی جاتی ہے۔ پولیس تھانہ گمبٹ نے چند مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور مصروف تفتیش ہے۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ پولیس تھانہ گمبٹ ہی کی حدود میں علاقہ ناکبند میں پیش آیا جہاں پر سابقہ دشمنی کی بنا پر پہلے سے تاک میں بیٹھے ملزمان نذیر احمد ولد ہدایت اللہ اور ان کے دو بیٹوں جواد احمد اور الیاس نے چلتی ہو ئی سوزوکی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار محمد خالد ولد نواب خان سکنہ ناکبند موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اجمل خان، ریمود حسین اور نواب خان زخمی ہوگئے۔ دوسرا واقعہ تھانہ بلی ٹنگ کی حدود غلام بانڈہ میں ہوا جہاں پر سابقہ دشمنی کی بنا پر ملزمان بابر خان ولد خان شاہ اور حضرت علی ولد خیال میر سکنہ پایا جواکی نے فائرنگ کر کے لیوی پولیس کے اہلکار خالد خان ولد اول باز خان کو قتل کر ڈالا۔ تیسری واردات تھانہ صدر کے علاقہ بازید خیل پْل انڈس ہائی وے پر ہوئی جہاں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے کے ڈی اے کے رہائشی نوجوان عاصم اقبال ولد عبدالحمید کو موت کے گھاٹ اْتار دیا۔ فائرنگ کے ایک اور واقعے میں نواحی علاقے توغ بالا میں ملزم شاہین نے اپنی سابقہ بیوی مسمات (ت) کو دوبارہ نکاح نہ کرنے پر پستول سے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ اس طرح میاں گان کالونی میں گھر کے سامنے بیٹھنے کے تنازع پر ملزمان جہانزیب سکنہ سماری پایان اور ایاز عرف ایازو سکنہ بنوں نے فائرنگ کرکے سجاد رحمن کو شدید زخمی کردیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقامی پولیس نے ان واقعات کے الگ الگ مقدمات مختلف تھانوں گمبٹ، بلی ٹنگ اور صدر میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔