ملک ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گیا ہے،جاوید ہاشمی

104

جہانیاں(آن لائن) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں ملک ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گیا ہے ،تاریخ ساز مہنگائی نے عوام کو زندہ د رگور کر دیا ہے کاشتکاروں سمیت ہر طبقہ فکر سے وابستہ لوگ پریشان ہیں ،بے روزگاری مہنگائی کرپشن میں اضافہ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،پنجاب کی سب سے چھوٹی تحصیل ہونے کے باوجود جہانیاں میں ترقی کی بنیاد میں نے رکھی ،حلقہ انتخاب تبدیل ہونے کے باوجود
میرا دل یہاں کی عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے،آج بھی عوام کے ہر دکھ درد کا شریک ہوں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کسان اتحاد(طارق اشفاق گروپ) کے جنرل سیکر ٹری نظام اللہ خان پاندہ ایڈووکیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ جہانیاں پنجاب کی سب سے چھوٹی تحصیل ہے میرا حلقہ انتخاب ہونے کی وجہ سے میں نے یہاں پر ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ مخدوم ہاشمی نے کہا کہ زراعت کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن افسوس ہوتا ہے کہ میرے ملک میں زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جبکہ کاشتکار بھی پریشانی کے عالم میں ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا ہے۔