سکھر، گیس لوڈشیڈنگ سے پریشان شہری سڑکوں پرنکل آئے

177

سکھر (نمائندہ جسارت)سکھر شہر میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، گیس لوڈ شیڈنگ کیخلاف مختلف علاقوں کے مکین گھروں سے باہر نکل آئے۔تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں سوئی گیس کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کو سخت مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے، گیس کے چولہوں سے ہوا اورپانی نکل رہا ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ دانستہ طور پر شہریوںکو سوئی گیس سے محروم رکھ کرحکومت اور محکمہ سوئی گیس کیخلاف مشتعل کیا جا رہا ہے ، وزیر اعظم اور متعلقہ وزیر اس کا نوٹس لیں، شکایات کے مطابق صبح و شام دوپہر کے اوقات میں کئی کئی گھنٹے گیس کی فراہمی بند رکھی جارہی ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ سوئی گیس کے اعلی حکام کے گیس سلنڈر مافیا کے ساتھ روابط کی انکوائری کرائی جائے، سوئی گیس کی بندش کے باعث گھروں میں خواتین کھانا پکانے کیلیے پریشان رہتی ہیں، صبح اور دوپہر کے اوقات میں سوئی گیس بند کر دی جا تی ہے، جس سے روزگار پر جانے والے لوگوں کو وقت پر کھانا ناشتہ نہیںمل رہا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں تمام رات گیس لوڈ شیدنگ رہتی ہے، شہریوں نے احتجاج کرتے کہا کہ شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔