پشاور (صباح نیوز) افغانستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کا26 رکنی دستہ براستہ طورخم پشاور پہنچ گیا۔ مہمان ٹیم آج اسلام آباد سے کراچی اور پھر وہاں سے بنگلادیش کے لیے روانہ ہوگی، رواں ماہ افغانستان کی انڈر 19 ٹیم بنگلادیش کا دورہ کرے گی جہاں وہ باہمی سیریز کھیلے گی اور اسی سلسلے میں افغان ٹیم پاکستان پہنچی ہے۔ گزشتہ روز طالبان نے افغان قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اے سی بورڈ کے سربراہ حامد شنواری نے بتایا کہ ہمیں اپنی ٹیم کو آسٹریلیا بھیجنے کی منظوری مل گئی ہے، آسٹریلیا کے دورے سے قبل افغان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی جو متحدہ عرب امارات میں 17 اکتوبر سے 15 نومبر 2021ء تک شیڈول ہے۔افغانستان سے امریکی و نیٹوفوج کے انخلا کے بعد یہ خدشات پیدا ہوگئے تھے کہ طالبان کی حکومت میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی عاید کردی جائے گی تاہم ایسا نظر نہیں آرہا۔افغان کرکٹ بورڈ کے حکام واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ کرکٹ کو طالبان کی حمایت حاصل ہے۔