لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کی خاطر بھارتی مظالم برداشت کیے۔
مرکز جماعت اسلامی منصورہ میں سراج الحق کی امامت میں سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس سے قبل تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کے لیے بھارتی مظالم برداست کیے، مقبوضہ کشمیر کی گلیوں میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے، بھارت کی بزدل حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگایا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کئی سالوں سے بھارتی حکومت کی جانب سے نظر بند کیے گئے حریت رہنما سید علی گیلانی انتقال کر گئے تھے۔
سید علی گیلانی کو آج صبح 4 بجے سخت بھارتی فورسز کے حصار میں حیدرپورہ میں سپرد خاک کیا گیا جبکہ ان کی نماز جنازہ میں صرف قریبی راشتہ داروں کو شرکت کی اجازت دی گئی۔ بزدل بھارتی فوج نے سید علی گیلانی کے انتقال پر وادی میں کرفیو نافذ کر کے کشمیریوں کو نماز جنازہ میں شرکت سے روکا۔