سپریم کورٹ احاطہ سے ملزم کی گرفتاری پر نیب کی معافی مسترد

434

سپریم کورٹ احاطہ سے فراڈ کیس کے ملزم کی گرفتاری کا معاملے پر ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ احاطہ سے فراڈ کیس کے ملزم کی گرفتاری کا معاملے پر قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی تو ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی اور ڈی جی ایچ آر نیب عدالت پیش ہوئے۔

ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ انہوں نے کہا کہ ملزم سیف الرحمان 5 روز سے بااثر شخص کے گھر چھپا رہا ملزم نے 116 ارب روپے کا فراڈ کیا ہے اس کیس کے 4 لاکھ سے زیادہ متاثرین ہیں۔

عدالت نے نیب کا معافی نامہ مسترد کر تے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی دروازہ پر ظلم ہوگا تو کون عدالت آئے گا عدالت کا دروازہ معصوم اور ملزم سب کیلئے کھلا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے سپریم کورٹ کے احاطے سے ملزم سیف الرحمان کو گرفتار کیا تھا، میڈیا پر خبریں نشر ہونے پر چیئرمین نیب نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔