راولپنڈی نے وائی ای ایس کی ٹیم کو ہرا کرجشن آزادی ویمن بیس بال کپ جیت لیا

378

راولپنڈی (رپورٹ: پرویز شیخ) راولپنڈی نے وائی ای ایس کی ٹیم کو ہرا کرجشن آزادی ویمن بیس بال کپ جیت لیا۔مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول شیخ راشدشفیق نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، کیش پرائز اورسرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایم پی اے محترمی سیمابیہ طاہر، بیگم کمشنر راولپنڈی، بیگم آرپی او راولپنڈی، پرنسپل ڈی پی ایس راولپنڈی پروفیسر محمدیاسین مرزا، ڈی او اسپورٹس منظرشاہ، ڈی ایس او شمس توحید عباسی، وائی ای ایس اور خاورنیشنل ویمن بیس بال اکیڈمی کے صدر زاہداعوان، سی او او عرفان خان، کوچز شفقت نیازی، شبررضا، پروفیسر مریم اوردیگر آفیشلز، کھلاڑی اور طلبا ء وطالبات کی بڑی تعداد موجودتھی۔ اس موقع پر ”خاورشاہ نیشنل ویمن بیس بال اکیڈمی” کا راولپنڈی میں افتتاح بھی کردیاگیا۔ یوتھ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام پاکستان فیڈریشن بیس بال کی زیرنگرانی ڈویڑنل پبلک اسکول اینڈ کالج راولپنڈی میں ”خاورشاہ نیشنل ویمن بیس بال اکیڈمی” کے زیراہتمام 10روزہ ویمن بیس بال کیمپ منعقد کیاگیا جس میں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں سے 32خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اس دوران روزانہ اکیڈمی کی ٹیموں کے درمیان پریکٹس میچز بھی کرائے گئے۔ گزشتہ روز اکیڈمی کاباقاعدہ افتتاح کیا گیا جبکہ جشن آزادی ویمن بیس بال کپ کافائنل اکیڈمی کی 2ٹیموں ڈی پی ایس راولپنڈی اور وائی ای ایس راولپنڈی کے مابین کھیلا گیا۔ ڈی پی ایس کی قیادت چمن مشتاق جبکہ وائی ای ایس کی کپتانی شازیہ جاوید نے کی، ڈی پی ایس کی ٹیم نے یہ مقابلہ 9-5 اسکور سے جیت لیا۔