ٹھٹھہ، سول اسپتال مکلی کے ملازمین کی رہائشی کالونی میں 2 سال سے بند گیس بحال نہ ہوسکی

292

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) محکمہ صحت سول اسپتال مکلی ٹھٹھہ کے ملازمین کی رہائشی کالونی میں 2 سال قبل بند ہونے والی گیس اب تک بحال نہ ہوسکی، جس کی وجہ سے ملازمین سخت پریشان ہیں مگر ان کی سننے والا کوئی نہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت سول اسپتال مکلی کے ملازمین بابو ہدایت اللہ کی سربراہی میں احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر بابو ہدایت اللہ نے صحافیوں کو بتایا کہ سول اسپتال مکلی کی رہاشی کالونی میں سوئی گیس بند ہوئے 2 سال کا عرصہ گزر چکا ہے، ملازمین نے کئی دفعہ احتجاجی مظاہرے بھی کیے مگر انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس بند ہونے کی وجہ سے ہمارے گھروں میں کھانا پکانے میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں، مگر اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوئی سننے والا نہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت سمیت تمام بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مکلی سول اسپتال کے ملازمین کی رہائشی کالونی میں بند کی جانے والی گیس بحال کرکے ہمیں پریشانی سے بچایا جائے بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔