کراچی(اے پی پی)سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے تعاون سے انٹر نیشنل باکسنگ ڈے کی تقریب استاد علی محمد قمبرانی باکسنگ اسٹیڈیم ککری گرائونڈ لیاری میں منعقد کی گئی جس میں کراچی کے ساتوں اضلاع کے باکسرز نے شیڈو باکسنگ، اسکیپنگ روب، بیگ پنچنگ، ٹارگٹ کلنگ کے مظاہرے کئے۔ جس میں کوچنگ کے فرائض محمد امین، عبدالخالق موسی قمبرانی، تنویر خان اور اختر بلوچ نے انجام دیئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اولمپیئن ملنگ بلوچ نے کہا کہ آج کا دن باکسنگ کی تاریخ کے حوالے سے یاد رکھا جاتا ہے، جو عالمی سطح پر منایا جاتاہے کیونکہ اسی دن باکسروں کو یہ باور کرایا گیا تھا کہ باکسنگ کھیل ایک سائنس ہے، اس کو سمجھنا اور اس کے فن کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مقصد کو حاصل کرنا ایک بہترین نمونہ ہے۔ اس موقع پر 50مختلف کیٹیگریز کے باکسرز نے فن کا مظاہرہ کیا اور شائقین سے داد وصول کی۔