ہاکی کی ترقی کیلیے خواتین کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ،شہلا رضا

200

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جسارت میں 2روز قبل شائع ہونے والی ہاکی کی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ونگ کی جنرل مینجر شہلا رضا نے فوری ایکشن لیتے ہویے ان واقعات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ہاکی مرد آفیشلز کے ہاتھوں خواتین کھلاڑیوں کی بے عزتی برداشت نہیں کرونگی۔ ان خیالات کا اظہار جنرل منیجر پی ایچ ایف ویمنز ونگ سندھ صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا نے ٹرائلز کی نگرانی کے موقع پر کا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کے بغیر عہدہ رکھنے کا شوق نہیں، ہاکی کی ترقی کے لیے خواتین کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، شہلا رضا نے اسکول اور کالجوں کے ڈی پی اوز کو متنبہ کیا کہ وہ لڑکیوں کو ہراساں نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔ ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں نے شہلا رضا کے سامنے شکایات کے امبار لگا دیئے، جی ایم سندھ نے شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی شکایات 1094 پر درج کرانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسکول انتظامیہ اور ڈی پی اوز نے کسی بھی طرح کسی کھلاڑی کو حراساں کیا یا انہیں پریشان کیا تو ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ مجھے اختیارات کے بغیر عہدہ رکھنے کا کوئی شوق نہیں، مجھ پر اعتماد کرنے اور اہم ذمہ داری سونپنے پر پی ایچ ایف کے صدر برگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر، سیکریٹری آصف باجوہ اور سیکریٹری ویمنز ونگ تنزیلہ عامر کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ہم سب کی منزل ایک ہے ہم سب قومی کھیل کی بحالی کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصے سے ایسی اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ خواتین ہاکی کی پریکٹس ، ٹرائلز اور میچز میں کچھ مرد آفیشلز انہیں ہراساں کرنے کے علاوہ بلیک میل بھی کرتے ہیں۔ مرد آفیشلز کھلاڑیوں سے عزت کے ساتھ پیش آئیں، واضح رہے کہ اس سلسلے میں جسارت اسپورٹس نے پہلے بھی کرکٹ، فٹبال کی ویمنز ٹیموں کی کھلاڑیوں کے ساتھ نازیبا اور ناقابل بیان واقعات کا ذکر اپنے صفحہ پر کیا تھا اور ہمیشہ کی طرح تجویز دی تھی کہ تمام لڑکیوں /خواتین کے کھیلوں میں مرد حضرات کا کسی بھی قسم کا تعلق ختم کردیا جائے یعنی کھلاڑی، آفیشلز، امپائرز، ریفریز، کوچز اور منتظمین سمیت شائقین بھی صرف خواتین ہی ہوں اور چار دیواری کا تقدس قائم کرتے ہویے انہیں آزاد فضا میں کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ تاہم اب ہاکی میں بڑھتے ہویے واقعات کے بعد شہلا رضا کا یہ اقدام قابل احسن ہے جس کو پی ایچ ایف کے صدر برگیڈیئر سجاد کھوکھر اور والدین نے بھی سراہا ہے۔