سانگھڑ، سابقہ شوہر نے ساتھیوں سے مل کر بیوی کو اغوا کرلیا

256

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) ضلع سانگھڑ کے شہر کھڈرو میں سرکاری ہتھیاروں کے زور پر ایس ایچ او کی موجودگی میں سابقہ شوہر نے ساتھیوں سے ملکر عدالت سے خلع یافتہ بیوی اغوا کرلیا، والدین شدت غم سے نڈھال، چیف جسٹس پاکستان سے بازیاب کرانے کی اپیل۔ ضلع سانگھڑ کے شہر کھڈرو کی رہائشی مسمات سیانی نے سانگھڑ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی عدالت سے خلع یافتہ بیٹی مسمات سکینہ کو کھڈرو شہر سے سابقہ شوہر فدا حسین زرداری اور اس کے دیگر لوگ جن میں میر حسن زردای، صدام حسین زرداری، بڈھل زرداری، وزیر زرداری، آصف زرداری اور ایس ایچ او کھڈرو محمد علی زرداری کی موجودگی میں میرے گھر سے سرکاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کرکے اغوا کرکے ضلع نوابشاہ لے گئے ہیں جبکہ جاتے ہوئے میرے شوہر محمد شریف اور مجھ پر شدید تشدد کیا۔ میری بیٹی مسمات سکینہ نے پانچ ماہ قبل اپنے سابقہ شوہر فداحسین زرداری سے عدالت کے ذریعے خلع لی تھی جس کی وجہ سے سکینہ کا سابق شوہر فدا حسین زرداری اپنے ساتھیوں سمیت ایس ایچ او کھڈرو محمد علی زرداری کی موجودگی میں سرکاری ہتھیاروں کے زور پر اغوا کرکے لے گئے اور ضلع سانگھڑ میں کوئی بھی ہماری داد فریاد نہیں سن رہا۔ مسمات سکینہ کی والدہ مسمات سیانی نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس، وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اورآئی جی پولیس سندھ سے مطالبہ کیا کہ میری اغوا شدہ بیٹی مسمات سکینہ کو فوری طور پر بازیاب کراکر ہمارے حوالے کیا جائے۔ اغوا کار ہمیں موبائل فون پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ نے ہمارے کیخلاف کورٹ میں کیس داخل کیا تو وہ مسمات سکینہ کو قتل کرکے اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کریں گے۔